زرعی یونیورسٹی سوات میں کلاسوں کا اجراء جنوری سے ہوگا۔محب اللہ خان

زرعی یونیورسٹی سوات میں کلاسوں کا اجراء جنوری سے ہوگا۔محب اللہ خان

یونیورسٹی کیلئے جگہ کا تعین کیا جارہا ہے جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد وزیر اعلی کو رپورٹ پیش کی جائیگی۔وزیر زراعت و لائیو اسٹاک

پشاور سویرا نیوز (چیف اکرام الدین)صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیرزراعت، لائیوسٹاک وفشریز محب اللہ خان نے کہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی سوات میں کلاسوں کااجراء جنوری سے ہوگا، یونیورسٹی کے لئے جگہ کاتعین کیاجارہاہے جگہ کامعائنہ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ کو رپورٹ پیش کی جائیگی زرعی یونیورسٹی تحریک انصاف حکومت کی طرف سے سواتیوں کے لئے ایک تحفہ ہے، جنوری سے عارضی طور پرزرعی ریسرچ سنٹرتختہ بند میں کلاسز شروع کی جارہی ہے، جو بعد میں مستقل بلڈنگ کو منتقل ہو جائیگی،سوات کے زیادہ ترلوگوں کاانحصار زراعت، لائیوسٹاک پرہے، ملاکنڈ ڈویژن اور سوات کیلئے یہ یونیورسٹی زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، ان خیالات کااظہار انہوں نے سوات میں زرعی یونیورسٹی کیلئے مختلف جگہوں کا معائنہ کرنے کے موقع پر کیا ا س موقع پر سیکرٹری زراعت خیبر پختونخوا محمد اسرار خان، وی سی زرعی یونیورسٹی پشاور جہان بخت، فیکلٹی کے ڈینز، محکمہ زراعت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، صوبائی وزیر محب اللہ خان نے سوات میں مستقل بنیادوں پر زرعی یونیورسٹی کے اراضی کیلئے مختلف جگہوں کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی دلچسپی کیوجہ سے سوات میں زرعی یونیورسٹی کی منظوری دی جا چکی ہے ہم عارضی طور پر جنوری سے یونیورسٹی کا باقاعدہ افتتاح اورکلاسوں کااجراء ایگریکلچر سنٹر تختہ بند سے کررہے ہیں اورجب یونیورسٹی بلڈنگ کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد یونیورسٹی مستقل بلڈنگ کو شفٹ ہوجائیگی انہوں نے کہا کہ مختلف جگہوں کے معائینے کی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی جائیگی جس کے منظوری کے بعد یونیورسٹی پرتعمیراتی کام شروع ہوجائیگی، زرعی یونیورسٹی سوات اور ملاکنڈڈویژن کیلئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ زرعی یونیورسٹی کیلئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور صوبائی وزیر محب اللہ خان کی کوششوں کو نظراندازنہیں کیاجاسکتا ان کی غیرمعمولی دلچسپی کے باعث آج سوات کیلئے زرعی یونیورسٹی کی منظوری ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ زرعی یونیورسٹی سوات میں جنوری سے باقاعدہ کلاسیں شروع کرنے کی ہدایت، جنوری 2020 سے کلاسوں کا اجراء کیلئے تمام ترانتظامات مکمل کی جائے، محکمہ زراعت کے جاری منصوبے بروقت مکمل کرنے کی بھی احکامات جاری کردی گئی، محکمہ زراعت میں نئے منصوبوں پر بھی جلد کام کاآغاز ہونے پر توجہ مرکوز کردی گئی،ان کی خصوصی توجہ کے باعث محکمہ زراعت ترقی کی شاہراہ پرگامزن ہے اوراس حوالے سے بھرپور منصوبہ بندی کی گئی ہے جبکہ زمینداروں کو اچھی قسم کے تخم فراہم کئے جارہے ہیں اورزرعی آلات کے استعمال کرنے کیلئے ترتیب بھی دی جارہی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں زرعی انقلاب برپا کرنے کیلئے صوبائی وزیر محب اللہ خان کی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں