سماجی رویوں میں تبدیلی سے ہی کرونا کا خاتمہ ممکن ہوگا , بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وفاقی وزیرریلویز شیخ رشید احمدنے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، عمومی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کو کورونا سے بچاؤ کیلئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت پنجاب کورونا کے خاتمے کیلئے تمام تر میسر وسائل بروئے کارلا رہی ہے ،لاہور، راولپنڈی او ردیگربڑے شہروں میں کورونا سے بچاؤ کیلئے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاسماجی رویوں میں تبدیلی سے ہی کورونا کاخاتمہ ممکن ہوگا،پنجاب میں بروقت اقدامات کی وجہ سے شرح اموات آبادی کے لحاظ سے کم ہے ،کورونا سے بچاؤ کیلئے ڈاکٹرز،ہیلتھ پروفیشنلز، پولیس اور دیگر ادارے سرتوڑ محنت کر رہے ہیں ۔عثمان بزدار نے کہا کورونا سے بچنا ہی نہیں بلکہ اسے ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتے ہیں ۔وفاقی وزیرریلویز شیخ رشید احمدنے اس موقع پر کہا کورونا سے بچاؤ کیلئے حکومت پنجاب کے بروقت اقدامات قابل تقلید ہیں ،باقی محض شور مچاتے رہے ،بزدار حکومت نے کورونا کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے ۔عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور،سیاسی اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، پنجاب اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکورونا وبا کے باعث طرز زندگی بدل گیا ہے ،معمولات زندگی میں تبدیلی وقت کا تقاضاہے ۔ سماجی طرز عمل میں تبدیلی کیلئے نئے قوانین متعارف کرانا ہوں گے ۔پنجاب حکومت امتناع وباآرڈیننس متعارف کراچکی ہے ۔انہوں نے کہاآرڈیننس کا مقصد وبا کے دوران حکومتی اقدامات پر موثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے ، ہنگامی صورتحال میں ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاپنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے امتناع وبا آرڈیننس کا اجرا کیا۔ٹڈی دل پر موثر کنٹرول کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔عثمان بزدارنے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رہنما اور ممتاز عالم دین مولانا عبدالرشیدراشد ہزاروی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں