7سال سے جاری یونس آرائیں اور فوجی بابر گروپ کی دشمنی ختم

یونس آرائیں اور فوجی بابر گروپوں میں7 قتلوں کی دشمنی ختم ، تفصیلات کے مطابق تھانہ بلوچنی کے گاؤں 65رب رنگل ننگل میں گزشتہ سات سال سے یونس آرائیں گروپ اور فوجی بابر گروپ میں قتلوں کی دشمنی چلی آرہی تھی جس میں اب تک دونوں گروپوں کے سات قتل ہوچکے تھے ۔یونس آرائیں گروپ کے چار مردو خواتین سجاد ادریس،یونس سردار،ایوب سردار اور مسز ایوب سردار جبکہ فوجی بابر گروپ کے تین افراد فوجی بابر کے والد اکبر علی،اس کے دو بھائی شاہد اور ندیم دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں ۔ آج کل یونس آرائیں گروپ کے ملزم ضمانت پر رہا ہو چکے تھے جبکہ فوجی بابر چار قتلوں میں گرفتار ہو کر جیل میں سزا کاٹ رہا تھا۔ایم پی اے رانا شعیب ادریس خاں اور یوسی چیئرمین رانا شاہنواز خاں نے مرکزی کردار ادا کر کے دونوں گروپوں میں صلح کروادی ۔صلح کی تقریب ایم پی اے رانا شعیب ادریس خاں کی زیر صدارت ڈیرہ رانا شاہنواز خاں یوسی چیئرمین پر منعقد ہوئی جس میں دونوں گروپوں کو تقریب میں قرآن پاک پر ہاتھ رکھوا کر صلح کروائی گئی ۔اس موقع پر دونوں گروپوں نے عہد کیا کہ وہ آئندہ پیار محبت اور بھائیوں کی طرح زندگی گزاریں گے ۔اس موقع پر رانا شعیب ادریس اور رانا شاہنواز خاں نے کہا ہم دونوں گروپوں کے مشکور ہیں جنہوں نے علاقے کے امن اوراپنی نسلوں کو تباہی سے بچا لیا ہے ۔ اس موقع پر رانا زکریا خاں ،رانا غلام مصطفی ،رانا سہیل خاں ،ملک طاہر حمید فانی،رانا مزمل شہزاد،مہر سرفراز وینس،عبدالحمید چٹھہ،انصر رفیق ،رانا عبدالحمید چیئر مین ،میاں عرفان،میاں نذیر،چودھری سردار ریاض و دیگر موجود تھے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں